حیدرآباد ۔ 29 ۔ اگست (سیاست نیوز) امریکی کونسلیٹ کے عہدیداروں کی ایک ٹیم کل 30 اگست کو حج ہاؤز کا دورہ کرتے ہوئے شعبہ قضاۃ کی کارکردگی کا جائزہ لے گی۔ 20 رکنی ٹیم نے بعض ارکان امریکہ سے حیدرآباد پہنچے ہیں جبکہ دیگر ارکان کا تعلق حیدرآبادی کونسلیٹ سے ہے۔ چیف اگزیکیٹیو آفیسر وقف بورڈ منان فاروقی نے بتایا کہ شعبہ قضاۃ کی جانب سے میریج سرٹیفکٹ کی اجرائی کے طریقہ کار کا جائزہ لینے کیلئے یہ دورہ کیا جارہا ہے ۔ میریج سرٹیفکٹ کی اجرائی میں عام طور پر امریکی کونسلیٹ کو ویزا کی اجرائی میں زائد معلومات درکار ہوتی ہیں ، لہذا کسی بھی بے قاعدگی یا نقائص کے بغیر میریج سرٹیفکٹ کی اجرائی کا جائزہ لیا جائے گا ۔ عہدیداروں کی یہ ٹیم درخواستوں کی وصولی سے لیکر ان کی جانچ اور سرٹیفکٹ کی اجرائی کے تمام مراحل کے بارے میں معلومات حاصل کرے گی ۔ صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم امریکی عہدیداروں کا استقبال کریں گے اور انہیں شعبہ قضاۃ کی کارکردگی سے واقف کرائیں گے۔ ہندوستان بھر میں شعبہ قضاۃ کی جانب سے جاری کردہ سرٹیفکٹس کی منفرد اہمیت ہے اور دنیا بھر میں اسے قبول کیا جاتا ہے۔ بیرونی ممالک کو روانگی کے موقع پر وقف بورڈ کے میریج سرٹیفکٹ کو قبول کرتے ہوئے ویزا جاری کئے جاتے ہیں۔ یہ پہلا موقع ہے جب امریکی کونسلیٹ کی ٹیم وقف بورڈ کے کسی ادارہ کی کارکردگی کا جائزہ لے گی ۔