امریکی کمپنی حلال کے نام پر غیرذبیحہ کی فراہمی کی مرتکب

سیڈار ریاپڈز (آئیوا) ۔ 17 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) کئی برسوں سے دنیا بھر میں غذا فراہم کرنے والی کمپنی نے مسلمانوں کو حلال غذا کے معیارات کی تکمیل کرنے کے جھوٹے دعوؤں کے ساتھ بیف مہیا کرایا ہے۔ اس فوڈ سپلائر نے ایسے پراڈکٹس برآمد کئے جو اسلامی شریعت کی مطابقت میں ذبح نہیں کئے گئے، فیڈرل پراسیکیوٹرس نے ایک بڑے دھوکہ کے کیس میں یہ الزام عائد کیا ہے۔ آئیوا ریاست کے سیڈار ریاپڈز میں قائم میڈامر کارپوریشن نے ملیشیا، کویت، متحدہ عرب امارات (یو اے ای) اور دیگر مقامات پر کسٹمرس کو کم از کم4.9 ملین ڈالر مالیت کا بیف فروخت کیا ہے، جو حلال نہیں تھا حالانکہ اس پر حلال ہونے کے لیبل چسپاں کرتے ہوئے تشہیر کی گئی، گرانڈ جیوری کی جانب سے 5 ڈسمبر کو جاری کردہ سرزنش سے یہ بات معلوم ہوئی۔ میڈامر کمپنی اور اس کے ڈائرکٹرس برادران جلیل اور ولیم یحییٰ عوسے پر جھوٹے بیانات اور دستاویزات تیار کرکے استعمال کرنے کی سازش کا الزام عائد ہوا ہے ۔ انہوں نے غلط برانڈ کا گوشت فروخت کرنے اور دھوکہ دہی کی باتیں پھیلانے کا ارتکاب بھی کیا ہے۔ ایک دیگر ’اسلامک سرویسیس آف امریکہ‘کمپنی کی بھی سرزنش کی گئی جو ان بھائیوں کے زیرکنٹرول ہے، جو ملیشیا ، انڈونیشیا، کویت ، سعودی عرب اور یو اے ای کی منظورہ چند تنظیموں میں سے ہے جو ان ممالک میں بیف کی درآمد کی تصدیق کرتے ہیں۔ میڈامر کمپنی کے بانی 73 سالہ ولیم عوسے جونیر نے گذشتہ ہفتے کسی نوعیت کے الزامات پر بے قصور ہونے کا دعویٰ کیا تھا۔