واشنگٹن ۔ 2 اگست (سیاست ڈاٹ کام) سابق امریکی صدر بارک اوباما نے ایک ایسے ہندوستانی ۔ تبتی نژاد امریکی شہری کو نومبر میں منعقد شدنی کانگریس کے الیکشن کیلئے نامزد کیا ہے۔ انہوں نے 81 امیدواروں کی پہلی فہرست جاری کی ہے جس میں آفتاب پوریوال کا نام بھی شامل ہے۔ 35 سالہ پوریوال پہلے کانگریشنل ڈسٹرکٹ اوہائیو سے ایوان نمائندگان میں داخلے کیلئے کوشاں ہیں۔ 81 امیدواروں کی فہرست میں پوریوال واحد ہندوستانی ۔ تبتی نژاد امریکی شہری ہیں۔ نومبر میں وسط مدتی انتخابات منعقد شدنی ہیں۔ اس موقع پر سابق صدر اوباما نے اپنے بیان میں کہا کہ انہیں اس فہرست کو جاری کرتے ہوئے بیحد فخر محسوس ہورہا ہے کیونکہ یہ تمام امیدوار اس امریکہ کی نمائندگی کرنے والے ہیں جو اپنی حب الوطنی، ہمہ جہتی ثقافت اور رواداری کیلئے مشہور ہے۔ فہرست میں موجود امیدواروں کی تعداد کی ایک چوتھائی یو ایس کانگریس کیلئے انتخابی میدان میں ہے۔ پوریوال اگر منتخب ہوگئے تو وہ گیارہ مرتبہ ری پبلکن کانگریس کی ریکارڈ نمائندگی کرنے والے اسٹیوچابوٹ کو شکست دیں گے جس کے بارے میں میڈیا کا کہنا ہے کہ یہ ایک سخت اور دلچسپ مقابلہ ہوگا جبکہ خود پوریوال کا یہ کہنا ہیکہ جیسے جیسے انتخابی مہم قریب آرہی ہے ان کے جوش و خروش میں اضافہ ہوتا جارہا ہے۔