امریکی کانگریس کی رکنیت کیلئے مسلم خاتون امیدوار

واشنگٹن ۔ 9 مئی (سیاست ڈاٹ کام) چیرل سڈتھ ایک نئی تاریخ بنا رہی ہیں۔ وہ دوسری مسلمان خاتون ہیں، جو امریکی کانگریس کی رکنیت کیلئے میدان میں اتری ہیں۔ چیرل 2014 کے کانگریس کے انتخاب کیلئے کیلیفورنیا سے ڈیموکریٹ امید وار ہوں گی۔ ان کے کانگریس کیلئے سامنے آنے پر بہت ساروں کی رائے یہ ہے کہ وہ کانگریس میں عوامی نمائندگی کیلئے موزوں ترین امیدوار ہیں۔ گویا ’’ ٹھیک کام کے لیے ٹھیک فرد‘‘۔ چیرل سڈتھ کو اپنے ضلع کی خواتین کی حمایت کے علاوہ، مسلمانوں اور افریقی امریکیوں کی بھی تائید حاصل ہے۔

ان سب طبقات کی حمایت بیک وقت حاصل ہونے کی بنیادی وجہ چیرل کا زندگی بھر محروم طبقات کیلئے سرگرم رہنا ہے۔ بے روزگار نوجوان، معذور مرد و زن اور سہولیات سے محروم ماحول میں رہنے والے افراد کیلئے جدوجہد ان کی پہچان رہی ہے۔ انہیں فراہمی روزگار، تربیت کے اہتمام کے حوالے سے خواتین اور مرد حضرات برسوں سے جانتے ہیں۔اس مقصد کیلئے وہ سمجھتی ہیں کہ کانگریس میں موثر آواز اٹھا سکیں گی، تاہم وہ صرف خود کانگریس کی رکن نہیں بننا چاہتی ہیں بلکہ دیگر بہت ساری خواتین کو بھی کانگریس کی رکن دیکھنا چاہتی ہیں۔ چیرل سڈتھ نے اپنے فیس بک پیج پر لکھا ہے’’ ہمیں ابھی ایسی مزید خواتین قانون سازوں کی ضرورت ہے جو خواتین کے’ ایشوز‘کو ترجیحاً پیش کریں‘‘۔