امریکی کانگریس سے سونے کا تمغہ حاصل کرنے والے انور سادات پہلے مصری صدر

واشنگٹن ۔ 25 اگسٹ ۔(سیاست ڈاٹ کام) امریکی سینیٹ نے ایک قانونی بل کی منظوری دی ہے جس کے تحت سابق مصری صدر انور سادات کو اعزاز و اکرام سے نوازا جائیگا۔ یہ پیش رفت سادات کے 100 ویں یوم پیدائش اور مصر اور اسرائیل کے درمیان کیمپ ڈیوڈ امن معاہدے پر دستخط کے 40 برس مکمل ہونے کے موقع پر سامنے آئی ہے۔واشنگٹن میں مصری سفارت خانے نے جمعرات کے روز اپنے ٹوئیٹر اکاؤنٹ پر بتایا کہ مذکورہ قانونی بل کے تحت انور سادات کو اُن کی تاریخی کامیابیوں اور مشرق وسطی میں امن کو یقینی بنانے کیلئے اُن کی دلیرانہ کاوشوں پر امریکی کانگریس کی جانب سے سونے کا تمغہ پیش کیا جائے گا۔انور سادات کی بیوہ جیہان سادات نے امریکی اقدام پر تبصرہ کرتے ہوئے میڈیا کو دیے گئے بیان میں کہا کہ ’’یہ اعزاز و اکرام اُس دلیر اور بہادر شخص کی کاوشوں کا اعتراف ہے جس نے انتہائی مشکل گھڑی اور خطّے میں امن کو یقینی بنانے کے واسطے کام کیا، اس نے جنگ اور خون ریزی کو روکا جس پر وہ اعزاز سے نوازے جانے کا مستحق ہے‘‘۔اس طرح انور سادات پہلے مصری صدر ہوں گے جن کو امریکی کانگریس نے سونے کا تمغہ پیش کیا۔