اسلام آباد۔ 22 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) القاعدہ کے اعلیٰ سطحی کمانڈر مصطفی ابو یزید دیگر 6 القاعدہ کے کارکنوں کے ساتھ شمالی وزیرستان کے علاقہ دتہ خیل میں 10 جولائی کو ہلاک کردیئے گئے تھے۔ القاعدہ کی فتح کمیٹی سربراہ سلفی النصر نے جو شام میں مقیم ہیں، انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ ابو یزید پاکستان میں القاعدہ کے جنرل کمانڈر تھے۔ وہ امریکی ڈرون حملے میں ہلاک کردیئے گئے۔ ان کے علاوہ القاعدہ کے 6 کارکن بھی ہلاک ہوئے۔ امریکہ نے ڈسمبر سے ڈرون حملے بند کردیئے ہیں تاکہ پاکستان کو تحریک طالبان کیساتھ امن مذاکرات کا موقع دیا جاسکے۔ 10 جولائی کو القاعدہ کے 6 قائدین اور ایک کمانڈر کی ہلاکت سے اس امریکی دعوے کی توثیق ہوگئی ہے کہ پاکستانی قبائلی علاقہ میں القاعدہ اب بھی نہ صرف موجود ہے بلکہ فروغ پذیر ہے۔ پاکستان ۔ طالبان مذاکرات ناکام ہوجانے کے بعد حکومت نے فوجی کارروائی شروع کردی ہے۔