امریکی ڈرون حملہ میں القاعدہ کمانڈر ہلاک

واشنگٹن،29مارچ (سیاست ڈاٹ کام) لیبیا میں امریکہ کے فضائی حملہ میں شدت پسند تنظیم القاعدہ کے سینئر کمانڈر موسی ابو داؤد سمیت ایک جنگجو ہلاک ہو گیا ہے ۔امریکی محکمہ دفاع پنٹگان سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ امریکہ نے لیبیا کے علاقے اُوباری میں واقع دہشت گردوں کی کمین گاہوں پر فضائی حملہ کیا جس کے نتیجے میں القاعدہ کا سینئر رہنما موسی ابو داؤد اپنے ساتھی جنگجو کے ہمراہ مارا گیا ہے ۔ موسی ابو داؤد نوجوانوں کی ذہن سازی کیا کرتا تھا اور انہیں عسکری تربیت فراہم کرنے کا بھی ذمہ دار تھا۔افریقہ میں امریکی کمانڈر نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ لیبیا میں کئی گئی فضائی کارروائی امریکہ کا اس سال کیا گیا دوسرا فضائی حملہ تھا جس میں توقع کی مطابق کامیابی ملی جبکہ یہ پہلی کارروائی تھی جس میں القاعدہ جنگجوؤں کو نشانہ بنایا گیا۔پنٹگان سے جاری بیان کے مطابق موسی ابو داؤد نے 2013 میں الجزائر میں فوجی بیرکوں پر حملہ کرکے نو فوجیوں کو ہلاک کردیا تھا اور بیرون ممالک دہشت گردی کے کئی واقعات کی منصوبہ بندی میں بھی ملوث رہا ہے۔ موسی ابوداؤد دہشت گردی کی کارروائی کے لیے شدت پسند نوجوانوں کی عسکری تربیت بھی کیا کرتا تھا۔