واشنگٹن۔ 27 مئی (سیاست ڈاٹ کام) امریکی ایوان نمائندگان میں ایک بل دوبارہ متعارف کروایا گیا ہے جس میں امریکی پی ایچ ڈی کرنے والے بیرونی طلبہ کو ایچ ون بی حد کا استثنیٰ دیا جائے۔ سائنس، ٹیکنالوجی، انجینئرنگ یا ریاضی میں پی ایچ ڈی کرنے والوں کو گرین کارڈس دیئے جاتے ہیں یا سالانہ ایچ ون بی ویزا عطا کیا جاتا ہے۔ کانگریس مین ارک پلوسین اور مائیک کیوگلے کی جانب سے متعارف کردہ بل سے ہندوستانی طلبہ کو فائدہ ہونے کی توقع ہے۔ کانگریس ارک پلوسین نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ امریکہ میں پی ایچ ڈی کرنے والے بہترین ذہن کے حامل طلبہ امریکی معیشت کے لئے فائدہ مند ثابت ہوں گے۔ امریکہ میں ہزاروں ماہرانہ قابلیت کے حامل روزگار خالی ہیں اور اسٹاپل ایکٹ نے امریکہ کی کئی کمپنیوں کو بیرونی ذہین طلبہ کو حاصل کرنے کا موقع دیا ہے۔