امریکی پابندیوں سے روس۔وینزویلا تعلقات کو کوئی خطرہ نہیں:مادورو

کراکس۔30 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) وینزویلا کے صدر نکولس مادرو نے کہا ہے کہ سرکاری تیل کمپنی پی ڈی وی ایس اے پر امریکہ کی پابندیوں سے وینزویلا اور روس کے درمیان تعاون پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔مسٹر مادورو نے ایک انٹرویو میں کہا کہ، ‘‘کوئی خطرہ نہیں ہے کیونکہ روس ایک آزاد اور خود مختار ملک ہے ۔ روسی صنعت بہت طاقتور ہے اور ان کے پاس اپنے انجینئرنگ کے عملے ، فنانس اور لاجسٹکس ہیں۔ پی ڈی وی ایس اے خود مختار ملک کی صنعت ہے ۔روس اور وینیزویلا خودمختار ممالک ہیں جو کاروبار اور سرمایہ کاری کرتے ہیں اور تیل کی پیداوار کے بڑے منصوبوں پر عمل درآمد کرتے ہیں۔ روس اور وینزویلا کے درمیان تیل اور گیس کے شعبے میں سب کچھ ٹھیک رہے گا’’۔غور طلب ہے کہ مسٹر مادرو پر اپوزیشن کے لیڈر اور خو د کومعلنہ عبوری صدر جوآن گوئیددو کو اقتدار سونپنے کا دباؤ بنانے کے لئے امریکہ نے پیر کو پی ڈی وی ایس اے کی تمام املاک بلاک کر دی اور امریکی کمپنیوں کے اس کے ساتھ سودے پر پابندی لگا دی۔ امریکہ کے وزیر خزانہ اسٹیون منوچن نے صحافیوں کو بتایا کہ پی ڈی وی ایس اے پر پابندی لگا کر امریکہ نے وینزوئیلا کے عوام کے مفادات کی حفاظت کے لئے اس کمپنی کا خیال رکھا ہے اور اپنی مارکیٹ کی حفاظت کے بھی اقدام کئے ہیں۔