امریکی ِصحافتی ادارہ کی تلنگانہ کے نامہ نگاروں کی حراست کی مذمت

نیو ریاک12 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام)امریکہ کے ذرائع ابلاغ کے نگرانکار ادارہ نے نئی ریاست تلنگانہ میں صحافیوں کو حراست میںلینے کی مذمت کرتے ہوئے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راو سے خواہش کی کہ وہ صحافت کے خلاف نا مناسب زبان استعمال کرنا بند کردیں۔ ڈپٹی ڈائرکٹر ادارہ رابرٹ ماہونے نے اپنے بیان میں کہا کہ اگر چندر شیکھر راو ایک آزاد اور ترقی پذیر تلنگانہ چاہتے ہیں تو انہیں ذرائع ابلاغ کے اہم کردار کا احترام کرنا ہوگا ۔ دو مقامی ٹی وی خبر رساں چینلس کو بند کردینے کے خلاف ان سے متعلق صحافیوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا تھا جس پر انہیں گرفتار کرلیا گیا ۔

دہشت گردی کیخلاف ٹھوس عالمی کارروائی درکار : سشما
دوشنبے (تاجکستان) ، 12 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان نے آج زور دیا کہ دہشت گردی کے انفراسٹرکچر کے خلاف پرعزم اور جامع عالمی کارروائی ہونی چاہئے اور کہا کہ اس چیلنج کو لازماً سنجیدگی سے لینا پڑے گا کیونکہ ’’مختلف عوامل ‘‘دہشت گردی کے نٹ ورک کے ذریعہ باہم مربوط ہوتے جارہے ہیں اور اس کے ساتھ ساتھ اُن کے مابین نظریاتی تبادلہ بھی عالمی رنگ اختیار کرتا جارہا ہے ۔ وزیر اُمور خارجہ سشما سوراج نے شنگھائی کوآپریشن آرگنائزیشن کی سالانہ چوٹی کانفرنس سے اپنے خطاب میں کہا کہ ہندوستان طویل عرصہ سے دہشت گردی کا شکار رہا ہے اور رکن ممالک پر زور دیا کہ اس لعنت سے نمٹنے کیلئے طاقتور گروپوں کو ہاتھ ملانا چاہئے ۔ اس کانفرنس میں روس ، چین ، افغانستان ، ایران کے قائدین بھی شریک ہیں۔