تکنیکی خرابی، درخواست گذاروں کو مشکلات کا سامنا
حیدرآباد 12 جون (سیاست نیوز) امریکی ویزوں و پاسپورٹس کی اجرائی میں تکنیکی خرابی کے باعث تاخیر ہورہی ہے جس سے درخواست گذاروں کو دشواریوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ امریکی قونصل خانہ حیدرآباد نے آج جاری کردہ ایک پریس نوٹ میں یہ بات بتائی۔ پریس نوٹ میں بتایا گیا کہ عالمی سطح پر امریکی ویزوں کی اجرائی میں تکنیکی خرابی کے باعث تاخیر ہورہی ہے جس پر امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کو افسوس ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ اِن تکنیکی خرابیوں کو جلد از جلد دور کرنے کی حتی الامکان کوشش کی جارہی ہے۔ ہندوستانی سفارت خانہ کے علاوہ ملک میں موجود امریکی قونصل خانے بھی اِس تکنیکی خرابی سے متاثر ہوئے ہیں۔ 26 مئی 2015 ء کے بعد جن امریکی شہریوں کی پاسپورٹ درخواستیں وصول کی گئی ہیں وہ بھی تاخیر کا شکار ہوئی ہیں جوکہ اندرون 10 ایام کارکردگی کے دوران جاری کردیئے جانے کی توقع ہے۔