امریکی میڈیا اور ہندوستانی امریکیوں کا عبدالکلام کو خراج عقیدت

واشنگٹن ۔ 28 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان کے سابق صدرجمہوریہ اے پی جے عبدالکلام کی اچانک موت پر امریکی میڈیا نے بھی ہندوستان کی ترقی اور ہندوستان کے خلائی اور ایٹمی پروگرام میں ان کے رول پر روشنی ڈالتے ہوئے انہیں زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔ یاد رہے کہ عبدالکلام آنے والے ماہ اکٹوبر میں 84 سال کے ہوجاتے اگر زندگی ان سے وفا کرتی۔ کل آئی آئی ایم شیلانگ میں ایک لکچر کے دوران ان کے قلب پر شدید حملہ ہوا جو ان کے لئے جان لیوا ثابت ہوا۔ نیویارک ٹائمز کے مطابق عبدالکلام ہندوستان کے نیوکلیئر پروگرام کے روح رواں تھے۔ اخبار نے مزید کہا کہ عبدالکلام نے ہندوستان کے باہر بہت کم وقت گذارا۔ وہ زیادہ تر ہندوستان میں ہی مصروف ترین زندگی گذارتے رہے۔ دوسری طرف امریکہ میں رہائش پذیر ہندوستانی برادری نے بھی عبدالکلام کے انتقال پر شدید رنج و غم کا اظہار کیا۔ ہندوستان کے اعلیٰ ترین عہدہ پر فائز ہونے کے باوجود بھی ان کی سادگی میں کوئی فرق نہیں پڑا۔ جس طرح ملک کے پہلے وزیراعظم آنجہانی جواہر لال نہرو بچوں میں بیحد مقبول تھے اور انہیں چاچانہرو کہا کرتے تھے، بالکل اسی طرح عبدالکلام بھی ہندوستان کے ایسے صدر تھے جنہیں بچے بھی بیحد پیار کرتے تھے۔ اوورسیز فرینڈس آف بی جے پی ۔ یو ایس چندر پٹیل نے یہ بات کہی۔ انہوں نے مزید کہا کہ عبدالکلام کو یقینی طور پر عوامی صدر کہا جائے تو بیجا نہ ہوگا۔