واشنگٹن ۔یکم اگست (سیاست ڈاٹ کام )طویل عرصے سے امریکہ میں رہائش پذیر مختلف مسلم ممالک سے تعلق رکھنے والے پانچ مسلمانوں نے شہریت کے اجراء میں حائل رکاوٹوں پر حکومت کے خلاف عدالت سے رجوع کر لیا ہے۔ ان پانچ مسلمانوں نے عدالت سے شکایت کی ہے کہ امریکی داخلی سلامتی کا محکمہ بلاجواز ان کی شہریت کے حصول کے لیے دی گئی درخواست پر ٹال مٹول کر رہا ہے۔ اس مقصد کے لئے یہ محکمہ بے بنیاد چیزوں کو جواز کے طور پر استعمال کر رہا ہے۔ عدالت سے رجوع کرنے والے ان پانچ مسلمانوں کے بارے میں معلوم ہوا ہے کہ یہ اسلامی شریعت کی پابندی کرنے والے لوگ ہیں یا مسلم اکثریت کے حامل ممالک سے تعلق رکھتے ہیں۔ ان درخواست گزاروں کی وکیل جینی پاسکو ریلا کا کہنا ہے ’’ہمارے موکل طویل عرصے سے یہ ثابت کر چکے ہیں کہ وہ قانون کی پابندی کرنے والے شہری ہیں اور قانونی طریقے سے ہی امریکہ میں مقیم ہیں‘‘۔
تائیوان میں دھماکے ،متعدد ہلاکتیں
تائپی یکم اگست (سیاست ڈاٹ کام) تائیوان کے جنوبی شہر کاؤشیونگ میں گیس لیک ہونے کے نتیجہ میں ہونے والے سلسلہ وار دھماکوں کی وجہ سے کم از کم 22 افراد ہلاک اور 270 دیگر زخمی ہو گئے ہیں۔ جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب ہونے والے ان دھماکوں کی شدت سے سڑکوں، موٹر گاڑیوں اور دیگر چیزوں کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔ مقامی میڈیا کے مطابق اس وقت کاؤشیونگ کے ہسپتال زخمیوں سے بھرے پڑے ہیں اور ہلاک ہونے والوں کی تعداد میں اضافہ بھی ممکن ہے۔ حکام نے لوگوں سے کہا ہے کہ وہ متاثرہ علاقوں سے دور رہیں اور اسکولوں کو کھول دیا گیا ہے تاکہ لوگ وہاں پناہ لے سکیں۔