’’سامان باندھو اور چلے جاؤ ، ٹرمپ ، امریکہ کی تطہیر کریں گے ‘‘ ، مکتوب میں زہرافشانی
واشنگٹن ۔ 28 نومبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) ڈونالڈ ٹرمپ کی انتخابی کامیابی کے بعد مسلمانو ںکے خلاف نفرت پر مبنی جرائم میں ہولناک اضافہ کی اطلاعات کے درمیان امریکہ کی کئی مساجد کو اس ملک میں مقیم مسلم برادری کے خلاف متعدد دھمکی آمیز مکتوب اور ای میل موصول ہوئے ہیں۔ کیلی فورنیا کی تین مسجدوں اور جارجیا کی ایک مسجد کو موصولہ تحریری مکتوب میں مسلمانوں کو دھمکی دی گئی ہے کہ وہ اپنا سامان باندھ لیں اور ملک سے چلے جائیں کیونکہ ٹرمپ اب امریکہ کی تطہیر کرنے والے ہیں اور اس ( امریکہ ) کو دوبارہ چمکائیں گے ۔امریکی ۔ اسلامی تعلقات کی کونسل ( کیر) کے ایکزیکٹیو ڈائرکٹر ایڈورڈ احمد مچل نے دعویٰ کیا کہ روزِ انتخاب سے ہی مسلمانوں کے خلاف اہانت و دل آزاری میں زبردست اضافہ ہوا ہے ۔ انھوں نے کہاکہ ’’جس نے بھی یہ مکتوب روانہ کیا ہے اس کو یہ جان لینا چاہے کہ اس سے ہمیں اپنے عقیدہ پر عمل کرنے ، اپنے حقوق کی دفاع کرنے اور پڑوسیوں کے ساتھ تعلقات بہتر بنانے کیلئے ہمارا عزم مزید مستحکم ہوا ہے ‘‘ ۔ کیر کے لاس اینجلس چیپٹر کے ڈائرکٹر حسام عیلوش نے کہاکہ ایسے مکتوب کا مقصد امریکہ میں مقیم مسلمانوں کو ڈرانا دھمکانا ہے ۔کیر نے اپنے بیان میں دعویٰ کیا ہے کہ 8 نومبر کے عام انتخابات کے بعد سے ملک میں تاحال 100 سے زائد مسلم دشمن واقعات پیش آئے ہیں۔ سدرن پاورٹی لاء سنٹر نے صدارتی انتخابات کے بعد امریکہ میں مسلمانوں کے خلاف 700 نفرت انگیز واقعات رونما ہونے کا انکشاف کیا ہے۔واشنگٹن میں گزشتہ ہفتہ ایک مسجد میں توڑ پھوڑ کی گئی تھی جس کے بعد کانگریس کی ایک ہند۔ امریکی پرامیلا جئے پال نے کہا تھا کہ ’’مسلمانوں اور اقلیتوں پر بڑھتے ہوئے نفرت انگیز حملوں پر مجھے گہرا دکھ ہے ۔ بالخصوص عبادت گاہو ںکو نشانہ بنایا جارہا ہے جو افسوسناک ہے ‘‘ ۔