امریکی ماہر تعلیم کے لیکچر کی راہ میں رکاوٹیں

بجرنگ دل جیسی تنظیموں کے دباؤ میں دو مرتبہ اجازت منسوخ
حیدرآباد 6 اگسٹ ( سیاست ڈاٹ کام )معروف امریکی ماہر تعلیم و تاریخ دان آڈرے ٹروشکی ‘ جو جنوبی ایشیا کی تاریخ پر مہارت رکھتی ہیں ‘ 11 اگسٹ کو شہر میں خطاب کرنے والی تھیں ۔ اس تقریب کے منتظمین اب لیت و لال میں کیونکہ ان کے پاس اس پروگرام کا انعقاد عمل میں لانے کیلئے کوئی مقام نہیں ہے ۔ دو مرتبہ کچھ مقامات اس تقریب کیلئے بک کئے گئے تھے اور دونوں ہی مرتبہ بکنگ کے اندرون چند یوم اجازت دینے سے انکار کردیا گیا ۔ اس لکچر کے دعوت نامے سوشیل میڈیا پر بہت تیزی سے شئیر کئے جا رہے ہیں۔ پہلے یہ تقریب برلا سائینس سنٹر میں منعقد کی جانے والی تھی تاہم یہاں اجازت دینے سے انکار کردیا گیا ۔ یہ دوسرا مقام تھا جہاں اجازت منسوخ ہوئی ۔ اس سے قبل آرٹ گیلری میں یہ تقریب منعقد ہونی تھی تاہم وہاں بھی اجازت نہیں دی گئی ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ان مقامات کے ذمہ داران بجرنگ دل جیسے دائیں بازو کے گروپس کے دباؤ کی وجہ سے اجازت منسوخ کر رہے ہیں۔ قبل ازیں بجرنگ دل کارکنوں نے ٹروشکی کے خلاف پولیس شکایت بھی درج کروائی تھی ۔