پریسیڈنٹ و سی ای او مسز مارگریٹ کین اور سینئیر وائس پریسیڈنٹ و بزنس لیڈر انڈیا فیصل الدین کی کے ٹی آر وزیر آئی ٹی سے ملاقات
حیدرآباد۔/28 اپریل، ( سیاست نیوز) امریکی مالیاتی ادارہ سنکرونیSynchrony فینانشیل نے ہندوستانی مارکٹ میں بڑے پیمانہ پر توسیعی پراجکٹ کے ساتھ قدم رکھنے کا منصوبہ بنایا ہے۔ اس سلسلہ میں ادارہ کے صدر اور چیف ایکزیکیٹو آفیسر مس مارگریٹ کین اور سینئر وائس پریسیڈنٹ و بزنس لیڈر انڈیا مسٹر فیصل الدین نے آج تلنگانہ کے وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی و بھاری صنعتیں کے ٹی راما راؤ سے ملاقات کی اور کمپنی کے توسیعی منصوبہ سے واقف کرایا۔ کے ٹی آر نے تلنگانہ میں کمپنی کے کاروبار میں توسیع اور سرمایہ کاری کے سلسلہ میں حکومت کی جانب سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ کمپنی حیدرآباد میں 2014تا 2017ء 20 ملین ڈالر ( 130کروڑ ) کی سرمایہ کاری کے ذریعہ حیدرآباد میں سنٹرس آف ایکسلینس قائم کرے گی۔ کے ٹی آر سے ملاقات کے دوران کمپنی کے نمائندوں نے گزشتہ 80برسوں میں کمپنی کے ٹریک ریکارڈ اور اس کی سرگرمیوں و نتائج سے واقف کرایا۔ کے ٹی آر نے کہا کہ تلنگانہ حکومت سرمایہ کاری کرنے والے اداروں کو ہر ممکن مراعات اور سہولتیں فراہم کرے گی۔ بعد میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے مس مارگریٹ کین نے بتایا کہ کمپنی نے ہندوستان میں اپنی خدمات میں توسیع کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سنکرونی فینانشیل انڈیا جو سابق میں جی ای کیپٹل انٹرنیشنل سرویسس تھا وہ سنکرونی بینک امریکہ سے ملحقہ ہے اور 1998 میں اس نے اپنا ادارہ قائم کیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ سنکرونی فینانشیل انڈیا کی جانب سے تجربہ کار، ماہر اور ٹکنالوجی کی صلاحیتوں سے آراستہ خدمات فراہم کی جائیں گی تاکہ کسی بھی کاروبار کو فروغ دیا جاسکے۔ کمپنی کنٹراکٹ سنٹر سلیوشنس، فراڈ انوسٹگیشن سپورٹ، پراسیس کنٹرول مانیٹرنگ اور سنٹرس آف ایکسلینس اِن فینانس جیسے شعبوں میں اپنی خدمات فراہم کرسکتی ہے۔ کمپنی کا ہندوستان میں 2500 رکنی اسٹاف ہے اور اتنی ہی تعداد میں آؤٹ سورسنگ ملازمین ہیں۔ مارگریٹ کین کے مطابق حیدرآباد میں آئندہ 4برسوں میں 20ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کی جائے گی۔ انہوں نے حکومت تلنگانہ سے تعاون پر اظہار تشکر کیا۔ کمپنی میں خاتون ملازمین کی تعداد 44فیصد ہے۔ انہوں نے کہا کہ سنکرونی فینانشیل کمپنی ہندوستان کو سنٹر آف ایکسلینس تصور کرتی ہے جہاں سے دنیا بھر کے صارفین کے مسائل کی یکسوئی کی جاسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ میں سنکرونی فینانشیل اپنی بہترین خدمات کا ریکارڈ رکھتی ہے اور امریکہ میں سب سے زیادہ کریڈٹ کارڈز جاری کرنے والی کمپنی ہے۔ امریکہ، کینیڈا کے علاوہ ویب سائیٹ اور موبائیل اپلیکیشن کے ذریعہ 35لاکھ سے زائد مقامات پر کمپنی اپنی خدمات فراہم کررہی ہے۔ فیصل الدین سنکرونی فینانشیل انڈیا کے سینئر نائب صدر ہیں، انہوں نے 1996 میں ٹاٹا کمیونیکیشن سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا۔ مارچ 2000 میں انہوں نے جی ای کیپٹل انٹرنیشنل سرویسس سے خود کو وابستہ کیا۔ ڈسمبر 2008میں فیصل الدین نے فلپائن میں اہم پراجکٹ پر کام کیا تھا جس کے بعد انہیں ہندوستان میں بزنس لیڈر کے عہدہ پر ترقی دی گئی۔ انہوں نے کہا اکاؤنٹنگ میں بیچلر ڈگری حاصل کی اور مارکیٹنگ میں ایم بی اے کیا۔ انہیں اس شعبہ میں جملہ 19سال کا طویل تجربہ ہے۔