حیدرآباد 11 مئی ( پی ٹی آئی ) ایک ہندوستانی نژاد امریکی شہری جو بیوی کے قتل کے مقدمہ میں امریکی عدالت کی جانب سے مجرم قرار دیئے جانے کے بعد مفرور تھا آج یہاں سینک پوری میں گرفتار کرلیا گیا ۔ پولیس نے کہا کہ مفرور مجرم امیت مڈاملی لیونگسٹن سنجے کمار کی حیثیت سے اپنی نئی شناخت کے تحت مادھاوا پوری کالونی میںمقیم تھا کہ سی آئی ڈی کی جانب سے خفیہ اطلاعات کی فراہمی کے بعد سائبر آباد پولیس حرکت میں آگئی اور گذشتہ روز اس کو گرفتار کرلیا۔ امیت مڈاملی لیونگسٹن کو اس کی امریکی بیوی ہرمیلیا گارشیا ہرنانڈیز کے قتل کے جرم میں 23 سال کی سزائے قید کا سامنا تھا ۔ قتل کا واقعہ ستمبر 2005 میں پیش آیا تھا جب ان دونوں کے درمیان جنسی تعلقات تھے اور وہ ایک ساتھ مقیم تھے۔ 404 ویں جوڈیشیل ڈسٹرکٹ کورٹ نے ٹکساس کی کیمرون کاونٹی میں اس کو جرم کا مرتکب قرار دیا تھا جس کے بعد وہ جعلی شناخت بناتے ہوئے امریکہ سے فرار ہوکر حیدرآباد پہنچ گیا تھا۔حیدرآباد کا ساکن امیت لیونگسٹن امریکی شہریت حاصل کرچکا تھا ۔ 23 سال کی سزائے قید سے آغاز سے قبل اس کو 14 اپریل 2007 کو کیمرون کاونٹی کے شریف کے دفتر پر حاضر ہونا تھا لیکن وہ حاضری میں ناکام ہوگیا
اور راہ فرار اختیار کی۔ وہ جعلی اور غیر قانونی سفری دستاویزات پر ہندوستان پہنچ گیا تھا۔ بعدازاں 2008 میں ریاست ٹیکساس نے اس کے خلاف انٹرپول کے ذریعہ ریڈ کارنر نوٹس جاری کی تھی ۔ آندھرا پردیش سی آئی ڈی گذشتہ ایک سال سے اس کی نقل و حرکت کا پتہ چلانے میں مصروف تھی ۔ بالآخر یہ پتہ چلا کہ وہ سینک پوری میں بحیثیت کرایہ دار پینٹ ہاوز میں گذشتہ تین سال سے مقیم تھا اور شائد ہی کبھی گھر کے باہر نکلا کرتا ۔پولیس نے لیونگسٹن کی گرفتاری کے بعد اس کے خلاف ہندوستانی تعزیری ضابطہ کی مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا اور عدالتی تحویل میں دیتے ہوئے چیرپلی جیل بھیج دیا گیا۔ سی آئی ڈی عہدیداروں امیت مڈالا لیونگسٹن کی گرفتاری کے بارے میں سنٹرل بیورو آف انوسٹی گیشن ( سی بی آئی) ، نیشنل کرائمس بیورو ( این سی بی ) اور مرکزی وزارت داخلہ کو مطلع کردیا گیا۔لیونگسٹن کو توقع ہے کہ مقامی عدالت میں پیش کیا جائے گا اور پولیس اس کو قیدی کی منتقلی کے وارنٹ میں اپنی تحویل میں لے گی ۔ بعدازاں دہلی کی پٹیالہ ہاوز عدالت میں پیش کیا جائے گا جو مجرمین / ملزمین کی حوالگی کے مقدمات سے نمٹتی ہے۔