امریکی قیدی کی دیکھ بھال کیلئے شمالی کوریا کو رقمی ادائیگی کی تردید

واشنگٹن 26 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکہ اپنے ایک کالج طالب علم اوٹو وارمبائر کی رہائی کیلئے 2017 ء میں شمالی کوریا کو طبی مصارف کے طور پر 2 ملین امریکی ڈالر ادا نہیں کیا تھا۔ ایک سابق امریکی عہدیدار نے اسوسی ایٹیڈ پریس سے کہاکہ وارمبائیر 17 ماہ قید میں رہنے کے بعد وطن واپسی کے لئے پرواز کے فوری بعد فوت ہوگیا تھا۔ اُنھوں نے کہا تھا کہ وامبائیر کی بازیابی کے لئے دستخط شدہ معاہدہ کے تحت 2 ملین ڈالرس ادا کئے گئے تھے۔ ایک عہدیدار نے اپنی شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر کہاکہ یہ ایک حساس سفارتی مسئلہ ہے۔ ٹرمپ نے جمعہ کو کئے گئے ایک ٹوئیٹ میں اصرار کے ساتھ کہاکہ اوٹو وامبائیر کے لئے شمالی کوریا کی کوئی رقم ادا نہیں کی گئی تھی۔

امریکہ نے ہنوئی مذاکرات میں ’بد نیتی‘ کا مظاہرہ کیا، کِم کا الزام
سیول۔26 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اْن کے مطابق امریکہ نے ہنوئی مذاکرات کے دوران ’بد نیتی‘ کا مظاہرہ کیا ہے۔ پیونگ یانگ کے سرکاری میڈیا کے مطابق کِم جونگ اْن نے امریکہ پر یہ الزام روسی صدر ولادی میرپوٹن سے ملاقات کے دوران عائد کیا۔ شمالی کوریا کی نیوز ایجنسی کے مطابق دونوں رہنماؤں کی یہ ملاقات بے تکلف اور دوستانہ موحول میں ہوئی۔