امریکی قونصل خانہ پر حملہ کا منصوبہ‘ این آئی اے درخواست ملائیشیا کو پیش

نئی دہلی۔ 17؍اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام)۔ ہندوستان نے ملائیشیائی حکام سے درخواست کی ہے کہ وہ گرفتار شدہ ملزم کے خلاف ثبوت اس کے حوالے کریں جو اس ملک کے جنوبی حصہ میں امریکی اور اسرائیلی قونصل خانوں پر آئی ایس آئی کی ایماء پر مبینہ طور پر دہشت گرد حملے انجام دینے اور سازش کا منصوبہ رکھتا تھا۔ قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) کے سرکاری ذرائع نے کہا کہ ہندوستان نے ملائیشیاء سے یہ درخواست باہمی قانونی تعاون معاہدہ کے تحت کی گئی ہے جس پر دونوں ملکوں نے 2012ء میں دستخط کئے تھے۔ کوالالمپور پر زور دیا گیا کہ وہ سری لنکا شہری محمد حسین محمد سلیمان کے خلاف ثبوت فراہم کرے۔ ہندوستان نے پہلے ہی سلیمان کے خلاف انٹرپول ریڈ کارنر نوٹس روانہ کردی ہے۔ ذرائع نے ملزم کی حوالگی کے لئے درکار تمام ضروریات پورے کرلئے ہیں۔ 47 سالہ سلیمان بھی ہندوستان میں مطلوب ہے، جس پر الزام ہے کہ اس نے مجرمانہ سازش رچائی تھی۔ اس کارروائی کو انجام دینے کے لئے دیگر افراد کا بھی ہاتھ ہے۔

دہشت گرد کارروائیوں کے لئے فنڈس بھی اِکٹھا کئے گئے ہیں۔ سلیمان نے ملائیشیاء میں تحقیقات کنندگان کو بتایا کہ اس کے ذمہ یہ کام دیا گیا تھا کہ اسے مالدیپ سے جنوبی ہند کے ساحل تک جہاز حاصل کرکے چینائی میں امریکی قونصل خانہ اور بنگلور میں اسرائیلی قونصل خانہ پر حملے کریں۔ باہمی قانونی اعانت معاہدہ کے تحت دونوں میں سے کسی ایک ملک کے ملزم کے خلاف ثبوت حاصل کرنے دوسرے ملک سے رجوع ہوسکتا ہے۔ این آئی اے کے ایک سینئر عہدیدار نے حال ہی میں ملائیشیاء کا دورہ کیا تھا اور وہاں انسداد دہشت گردی ادارہ سے بات چیت کی تھی۔ دہشت گردانہ منصوبہ کو انٹلی جنس بیورو نے مؤثر رابطہ کاری کے ذریعہ ناکام بنایا گیا تھا۔ سری لنکا سے ہی اس سازش کو تیار کیا گیا تھا جس میں چینائی اور بنگلور میں واقع اسرائیلی اور امریکی قونصل خانوں کو نشانہ بنانے کا منصوبہ شامل تھا۔ ٹامل ناڈو پولیس نے اس سازش سے متعلق تمام تفصیلات اور تحقیقاتی رپورٹ کو این آئی اے کے حوالے کیا تھا۔