کولمبو ۔ 3 ۔ مارچ (سیاست ڈاٹ کام) سری لنکا نے آج ایک اہم بیان دیتے ہوئے کہ اسے اقوام متحدہ انسانی حقوق کونسل کے اجلاس میں کامیابی کا پورا اعتماد ہے کیونکہ امریکہ سری لنکا میں انسانی حقوق معاملہ پر جاریہ ماہ ایک قرارداد پیش کرنے والا ہے۔اقوام متحدہ انسانی حقوق کونسل (UNHRC) کے اجلاس پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے صدر سری لنکا مہندا راجہ پکسے کے ترجمان موہن سمرنائیکے نے کہا کہ اجلاس کے دوران پیش کی جانے والی قرارداد کا سامنا کرنے ہم پوری طرح تیار ہیں اور ہمیں مکمل اعتماد ہے کہ ہم اس میں کامیابی حاصل کریں گے۔ کونسل کے اجلاس کا آج سے جنیوا میں آغاز ہورہا ہے ۔
ہندوستان نے امریکہ کی جانب سے سری لنکا کے خلاف اس سے قبل پیش کی گئی دو قراردادوں کی تائید کی تھی ۔ راجہ پکسے نے کہا کہ ہندوستان جس طرح سری لنکائی تمل باشندوں کے معاملہ کو ہم سے رجوع کر رہا ہے، ہم اس پر سنجیدگی سے غور کر رہے ہیں اور ایسا کرنا ہندوستان کی سیاسی مجبوری ہے کیونکہ وہاں دو ماہ بعد عام انتخابات منعقد شدنی ہیں اور عوام کا سبکدوش ہونے والی حکومت سے بھی توقعات وابستہ رکھنا فطری بات ہے ۔