جوہانسبرگ ۔ 2 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) امریکی فوج کے مطابق الشباب انتہاء پسند گروپ کے 9 ارکان اس وقت ہلاک ہوگئے جب انہوں نے صومالی حکومت کی فوج پر حملہ کیا جس کے جواب میں امریکی فوج نے فضائی حملے کئے۔ یو ایس۔ افریقہ کمانڈ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ فضائی حملے بندرگاہی شہر کسمایو سے 40 کیلو میٹر شمال مشرق میں کئے گئے۔ الشباب کے 9 ارکان ہلاک اور ایک زخمی بتایا گیا ہے جبکہ کسی بھی شہری کے ہلاک یا زخمی ہونے کے بارے میں کچھ نہیں بتایا گیا۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہیکہ امریکی فوج نے جاریہ سال اب تک 24 فضائی حملے بشمول ڈرون حملے القاعدہ سے ملحقہ انتہاء پسند جماعت الشباب کے خلاف کئے ہیں۔ جو صحارا افریقہ میں سب سے زیادہ خطرناک دہشت پسند تنظیم سمجھی جاتی ہے۔ یاد رہیکہ صرف ایک سال قبل الشباب نے صومالیہ کے دارالحکومت موگادیشو میں ایک خطرناک ٹرک دھماکہ کیا تھا جس میں 512 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔