کابل ۔ 8 اگسٹ ۔(سیاست ڈاٹ کام) افغانستان میں امریکی فوج نے غلطی سے افغان پولیس کی چوکی پر بمباری کر دی جس سے 9 افغان پولیس ملازمین ہلاک اور15 زخمی ہوگئے۔نائب ترجمان افغان وزارت داخلہ کے مطابق صوبہ لوگر میں افغان سیکورٹی فورسز کے آپریشن میں امریکی فورسز سے مدد کیلئے کہا گیا تاہم امریکی فورسز نے غلطی سے افغان پولیس چوکی کو نشانہ بنایا۔ادھر ناٹو نے حملے کی تصدیق کی لیکن ہلاکتوں کے بارے میں نہیں بتایا۔
چین ، ایران پر نئی پابندیوں کا مخالف
بیجنگ۔ 8 اگسٹ ۔(سیاست ڈاٹ کام) ایران کے خلاف امریکی پابندیوں کے حوالے سے چین نے اپنے ردّ عمل کا اظہار کرتے ہوئے باور کرایا ہے کہ بیجنگ جانبدارانہ پابندیوں کی مخالفت کرتا ہے۔چہارشنبہ کے روز چینی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ایران کے ساتھ تجارتی تعاون سے سلامتی کونسل کی کسی بھی قرارداد کی خلاف ورزی نہیں ہوتی ہے اور چین کے قانونی حقوق کا تحفظ ہونا چاہیے۔چین کا یہ موقف امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے اس علان کے بعد سامنے آیا ہے جس میں کہا گیا تھا کہ جو کمپنیاں ایران کے ساتھ معاملات انجام دیں گی اْنہیں امریکہ کے ساتھ تجارتی لین دین سے روک دیا جائے گا۔