ٹوکیو۔ 28 مئی ۔(سیاست ڈاٹ کام)جاپان کے شہر اوکی ناوا میں قائم امریکی فوجی اڈے کے میرین کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل لارنس نکلسن نے اپنے تیس ہزار فوجیوں کی ہر قسم کی تقریبات میں شرکت کو محدود کرنے کا حکم دیا ہے۔ اس کے علاوہ یہ فوجی امریکی فوجی اڈے سے باہر جا کر شراب نوشی بھی نہیں کر سکتے۔ یہ حکم ایک جاپانی خاتون کے قتل کے بعد جاری کیا گیا ہے۔ اوکی ناوا بیس حکام نے ایک امریکی کمانڈو کو جاپانی خاتون کے قتل اور جنسی زیادتی میں ملوث ہونے کے الزام میں گرفتار بھی کر لیا ہے۔ جنرل کے مطابق فوجی مرکز میں ایک ماہ کیلئے سوگ کے احترام میں کوئی خوشگوار تقریب منعقد نہیں کی جائے گی۔
آسٹریلیامیں نسلی تعصب کے خلاف ریلی کے درمیان تصادم
۔ 28 مئی ۔(سیاست ڈاٹ کام)جنوب مشرقی آسٹریلیا میں نسلی تعصب کے خلاف نکالی جانے والی ریلی کو اسلام مخالف ریلی کے شرکاء کے حملے کا سامنا کرنا پڑا۔ پولیس نے کم از کم سات افراد کو مختلف الزامات کے تحت حراست میں لے لیا ہے۔ ’نو ریس ازم ریلی‘ کا اہتمام سوشلسٹ آلائنس گروپ نے میلبورن شہر کے شمالی نواحی علاقے کوبْرگ میں کیا تھا۔ اِس ریلی کا آمنا سامنا دائیں بازو کے یونائیٹڈ پیٹریاٹ فرنٹ کی اسلام مخالف ریلی کے شرکاء سے ہوگیا۔ اِن ریلیوں کو ایک دوسرے سے دور رکھنے کیلئے پانچ سو پولیس اہلکار متعین کئے گئے تھے۔ دونوں ریلیوں کے کئی شرکاء نے چہرے ڈھانپ رکھے تھے۔