جمہوری نظام میں تبدیلی یا پھر اسے مکمل بدل دینے کی ضرورت : سروے
واشنگٹن ۔ 2 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) امریکی عوام نے 2014ء کا استقبال اس حال میں کیا کہ حکومت پر انہیں زیادہ بھروسہ نہیں رہا اور ان کی رائے بھی منفی دیکھی گئی۔ عوام کو منتخبہ نمائندوں کی جانب سے ان کی توقعات کو پورا کرنے یا پھر ملک کو درپیش اہم مسائل حل کرنے کی امید نہیں رہی۔ ایک سروے میں یہ انکشاف ہوا۔ اے پی ۔ این او آر سی سنٹر فار پبلک افیرس ریسرچ نے یہ سروے کیا ہے، جس کے مطابق نصف عوام کا یہ احساس ہیکہ امریکہ کے جمہوری نظام کو تبدیل کرنے کی ضرورت ہے یا پھر مکمل طور پر بدل دیا جانا چاہئے۔ امریکی عوام کو حکومت کے تعلق سے عام طور پر مثبت رائے کا حامل سمجھا جاتا تھا لیکن اب ان کی رائے مکمل بدل چکی ہے۔
اس سروے کے مطابق عوام کی اکثریت کا یہ احساس ہیکہ گذشتہ ایک دہے کے دوران ملک میں صحیح سمت پیشرفت نہیں ہوئی۔ 70 فیصد عوام نے اہم مسائل اور 2014ء میں ملک کو درپیش حالات کو حل کرنے کے معاملہ میں موجودہ حکومت کی صلاحیت پر عدم اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ یہ سروے ایسے وقت کیا گیا جبکہ تقریباً 2 ماہ قبل 17 سال میں پہلی مرتبہ عوام کو شٹ ڈاؤن کا سامنا کرنا پڑا۔ عوام کا یہ احساس ہیکہ ان کی خانگی زندگی میں کسی قدر بہتری ضرور آئی لیکن انہیں اس بات کا پورا بھروسہ نہیں ہیکہ آئندہ یعنی سال 2014ء میں درپیش مسائل کو وہ حل کرسکیں گے یا نہیں۔ عوام کے ایک گوشہ کا یہ احساس تھا کہ آج واشنگٹن میں قیادت کے مقابلہ خود انہیں ملک کیلئے زیادہ بہتر خدمت کرنے کی ضرورت ہے۔ وفاقی حکومتوں کے تعلق سے بھی امریکی عوام کا بھروسہ کم ہوتا جارہا ہے اور اس سروے کے مطابق انہیں اس بات کا بھروسہ نہیں ہیکہ سال 2014ء میں وفاقی حکومتیں حقیقی معنی میں پیشرفت کریں گی۔