واشنگٹن۔ 8 مئی (سیاست ڈاٹ کام) امریکی عدالت نے نیشنل سیکورٹی ایجنسی کی جانب سے عوام کی جاسوسی کو غیر قانونی قرار دے دیا۔ امریکی اپیل کورٹ نے نیشنل سکیورٹی ایجنسی کی جانب سے بڑی تعداد میں فون ریکارڈ جمع کرنے کو غیر قانونی قرار دے دیا ہے۔ کورٹ نے اپنے فیصلے میں کہا کہ ماتحت عدالت نے این ایس اے کی پروگرام کی آئینی حیثیت کی درخواست کو مسترد کرکے غلط فیصلہ کیا تھا۔ اپیل کورٹ کے اس فیصلے کے بعد 2013 میں این ایس اے کی پروگرام کو قانونی قرار دیے جانے کا فیصلہ کالعدم ہو گیا ہے۔ واضح رہے کہ این ایس اے کی جانب سے خفیہ طور پر فون کالیں سننے کے اس پروگرام کو این ایس اے کے سابق اہلکار ایڈورڈ سنوڈن نے افشا کیا تھا۔