شکاگو۔ 30 جون (سیاست ڈاٹ کام) ایک امریکی طیارہ جس میں 101 مسافر سوار تھے ، 38 ہزار فیٹ کی بلندی سے 12 منٹ میں 11 ہزار فیٹ کی بلندی پر پہنچ گیا جس کے بعد ہنگامی حالات میں تخلیہ کا دروازہ کھول دیا گیا۔ فضاء کے درمیان یہ دروازہ کھولنے سے مسافرین میں دہشت پھیل گئی تاہم پائلٹ بحفاظت ایمرجنسی لینڈنگ میں کامیاب ہوگیا اور اس طرح ایک سانحہ سے طیارہ کو بچا لیا گیا۔ یونائٹیڈ ایرلائینس کا طیارہ شکاگو سے لاس اینیجلس جارہا تھا لیکن دوران پرواز ہنگامی حالات میں تخلیہ کا دروازہ نادانستہ طور پر کھل جانے کی وجہ سے طیارہ کینساس کے علاقہ وچیتا کی جانب موڑ دیا گیا۔ وفاقی شہری ہوا بازی انتظامیہ کے ترجمان نے سی بی ایس وچیتا پر کہا کہ دوران پرواز غیرارادی طور پر ہنگامی تخلیہ کا دروازہ کھل گیا۔ اطلاعات کے بموجب ایک مسافر نے دوران پرواز دروازہ کھولنے کی کوشش کی تھی، لیکن اتنی زیادہ بلندی پر دروازہ کھولنا ناممکن ہے۔ تمام مسافر اپنی نشستوں پر ہی بیٹھے رہے۔ کوئی بھی زخمی نہیں ہوا۔