واشنگٹن ، 24 جون (سیاست ڈاٹ کام) امریکی صدر براک اوباما نے اپنے روسی ہم منصب ولادیمیر پوتین پر زور دیا ہے کہ وہ مزید پابندیوں سے بچنے کیلئے یوکرائنی صدر پیٹرو پوروشینکو کے امن منصوبے کی حمایت کریں۔ وائٹ ہاؤس کے ترجمان جوش ارنسٹ کے بقول صدر اوباما نے پوتین سے کہا کہ وہ مشرقی یوکرائن کے روس نواز علیحدگی پسندوں کی حمایت اور سرحد سے ہتھیاروں اور فوجی ساز و سامان کی منتقلی کو ترک کریں۔ ارنسٹ نے مزید بتایا کہ اگر صورتحال میں بہتری اور کشیدگی میں کمی لانے کے لیے اقدامات نہ دیکھے گئے، تو روس کو اضافی قیمت چکانا ہو گی۔ دوسری جانب کریملن کے بیان میں بتایا گیا کہ روسی صدر نے اپنے امریکی ہم منصب پر زور دیا کہ روس نواز باغیوں کے خلاف عسکری کارروائی روک کر ان کے ساتھ مکالمت پر زور دیا جانا چاہئے۔