امریکی شراب کی ٹن پر گاندھی جی کی تصویر، امریکی کونسلیٹ پر تلنگانہ وکلاء کا احتجاج ، کمپنی کو بند کرنے کا مطالبہ

حیدرآباد۔ 5 ۔ جنوری (سیاست نیوز) تلنگانہ کے وکلاء نے آج بیگم پیٹ میں واقع امریکی کونسلیٹ کے قریب احتجاج منظم کیا۔ وہ ایک امریکی کمپنی کی جانب سے تیار کردہ شراب کے ٹن پر گاندھی جی کی تصویر پرنٹ کرنے پر احتجاج کر رہے تھے ۔ تلنگانہ وکلاء اسوسی ایشن سے وابستہ ایڈوکیٹس کی بڑی تعداد نے دھرنا منظم کیا اور راستہ روک دیا۔ وکلاء کے اچانک احتجاج پر فوری چوکسی اختیار کرتے ہوئے پولیس نے انہیں کونسلیٹ کی طرف بڑھنے سے روک دیا۔ تلنگانہ وکلاء نے مطالبہ کیا کہ گاندھی جی کی تصویر پرنٹ کرنے والی کمپنی کو فوری بند کیا جائے۔ نیو انگلینڈ بیوریجس نامی کمپنی نے بیر کے ٹن پر گاندھی جی کی تصویر شائع کی۔ اس سلسلہ میں ہندوستان کی جانب سے احتجاج پر کمپنی نے معذرت خواہی کرلی۔ تلنگانہ وکلاء نے امریکی کونسلیٹ کے حکام کو ایک یادداشت حوالہ کی جس میں کمپنی کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا گیا۔ امریکی کمپنی کی اس حرکت کے خلاف ہندوستانی حکومت کے علاوہ مختلف جماعتوں اور تنظیموں نے بھی احتجاج درج کرایا۔