واشنگٹن ۔ 24 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) نیا سال 2018 امریکہ کی سینیٹر خاتون ایشیائی ۔ امریکی فوجی اور یو ایس سینیٹر ٹیمی ڈکورتھ جس کے دونوں پیر نہیں ہیں ، کیلئے مبارک ثابت ہوا جنہوں نے کل اعلان کیا کہ وہ دوسری بار حاملہ ہیں ۔ 49 سالہ الینائے کی ڈیموکریٹ ایسی پہلی سینیٹر بن جائیں گی جنہوں نے اپنی میعاد کے دوران بچہ کو جنم دیا ہو ۔ انہوں نے اس موقع پر ٹوئیٹ کرتے ہوئے اپنی خوشی کا اظہار کیا اور بعدازاں شکاگو کے ’’ سن ٹائمز ‘‘ سے بات کرتے ہوئے اس بات کی توثیق کی کہ وہ ایک بار پھر ایک لڑکی کو جنم دینے والی ہیں ۔ شاید اس وقت جب ماہ اپریل میں ان کی عمر 50 سال ہوجائے گی ۔ انہوں نے اپنے شوہر بیرن کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ بھی اس خوش خبری پر بیحد خوش ہیں جبکہ ہماری پہلی بیٹی اپنی بہن کو خوش آمدید کہنے کیلئے ابھی سے بیتاب ہے ۔ یہاں اس بات کا تذکرہ دلچسپ ہوگا کہ کانگریس کے دس ارکان نے اپنے عہدہ پر رہتے ہوئے بچوں کو جنم دیا تھا لیکن اُن تمام کا تعلق ایوان نمائندگان سے تھا ۔ عراق کی جنگ میں اپنی خدمات انجام دینے والی ٹیمی ڈکورتھ امریکی فوج کی ریٹائرڈ لیفٹنٹ کرنل ہیں ۔ 2004 میں جس وقت وہ ایک ہیلی کاپٹر کی معاون پائیلٹ تھیں ۔ اُسے شورش پسندوں نے مار گرایا تھا جس میں انہیں اپنی دونوں ٹانگوں سے محروم ہونا پڑا تھا ۔ 2012 میں انہوں نے ایوان نمائندگان میں داخلہ لیا اور 2016 میں سینٹ میں ۔ ٹیمی ڈکورتھ کی پیدائش تھائی لینڈ میں ہوئی ۔ ان کی ماں تھائی اور باپ امریکی تھے ۔ سینٹ میں وہ مشترکہ طور پر دوسری ایشیائی امریکن خاتون ہیں اور یہ ریکارڈ ہندوستانی نژاد امریکی خاتون کملا ہیریس کے ساتھی شیئر کرتی ہیں ۔