امریکی سینیٹرس کی ہندوستانی سفیر شرنگلا سے ملاقات

واشنگٹن۔ 30 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ کے ایک اعلیٰ سطحی سینیٹر نے آج ایک اہم بیان دیتے ہوئے کہا کہ ہندوستان، امریکہ کے اہم ترین حکمت عملی شراکت داری میں سے ایک ہے۔ ڈیموکریٹک پارٹی کے مارک وارنر اور ری پبلیکن سینیٹر جان کارنائن نے امریکہ میں ہندوستان کے نئے سفیر ہرش شرنگلا سے ملاقات کی تھی جس کے ایک روز بعد انہوں نے یہ بیان جاری کیا۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہے کہ وارنر اور کارنائن طاقتور انڈیا کاکس کے نائب صدرنشین ہیں جو سینیٹ میں واحد ملکی کاکس ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے لئے یہ بڑی خوشی کی بات ہے کہ ہم نے ہندوستانی سفیر متعینہ امریکہ ہرش شرنگلا سے ملاقات کی تاکہ نہ صرف ان کی تقرری پر مبارکباد دی جائے بلکہ ان کے ساتھ دونوں ممالک کے مفاد سے وابستہ تجارت اور سکیورٹی کے موضوعات پر تفصیلی بات چیت بھی کی جائے۔ ملاقات کے دوران دونوں سینیٹرس نے شرنگلا سے ہند۔ امریکہ تعلقات کو مزید استحکام بخشنے کے موضوع پر بھی بات چیت کی۔