امریکی سفارتکاروں کے ساتھ برا سلوک کرنے کی تردید:پاکستان

اسلام آباد۔ 26 مئی ۔(سیاست ڈاٹ کام) وزارت خارجہ پاکستان نے امریکی سیکریٹری آف اسٹیٹ مائیک پومپیو کی جانب سے لگائے گئے الزام کی مکمل تردید کی ہے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ پاکستان میں امریکی حکام کے ساتھ برا سلوک کیا جارہا ہے ۔وزارت خارجہ نے گزشتہ روز واضح کیا کہ اس حوالے سے واشنگٹن نے باقاعدہ کوئی شکایت نہیں کی ۔دفتر خارجہ ترجمان نے کہا کہ دفتر خارجہ کو امریکی سفارتکار کے ساتھ برا سلوک کرنے کے حوالے سے واشنگٹن کی جانب کوئی بھی شکایتی مراسلہ وصول نہیں ہوا۔ ترجمان نے اسد درانی کے دعویٰ کو قطعی مسترد کیا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کو واپس کردیا جائیگا۔