اٹلانٹا۔ 29 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) بھڑکتی ہوئی جنگل کی آگ جو تیز رفتار ہواؤں کی وجہ سے پھیلتی جارہی تھی، ہزاروں افراد کا اس علاقہ سے تخلیہ کروادیا گیا اور سینکڑوں مکانات اور عمارتیں جل کر راکھ کا ڈھیر ہوگئیں۔ یہ اسموکی ماؤنٹینس سے متصل نیشنل پارک کی بناء پر ایک مقبول عام تفریحی مرکز ہے۔ پریشان حال آتش فرو عملہ کی آگ کو بجھانے کی جدوجہد میں مدد کرنے کیلئے نیشنل گارڈ سپاہی فوری پہنچ گئے۔ ہوائیں کئی جلے ہوئے درختوں کے گرجانے اور شعلوں کے بھڑکنے کی وجہ بن گئیں۔ جنگل کی آگ امریکہ کی کئی جنوبی ریاستوں میں پھیل گئی جس کا آغاز ٹینسی سے ہوا تھا۔ یہ جارجیا اور شمالی کیرولینا میں بھی پھیل گئی۔ محکمہ موسمیات نے پیش قیاسی کی تھی کہ سمندری طوفان اور جنگل میں آگ لگ جانے کا ایک بڑے حادثہ کا اندیشہ ہے۔ بارش ہونے سے آگ بجھانے کی جدوجہد میں مصروف آتش فرو عملہ کے حوصلے بلند ہوگئے۔ آج کی بارش ماہرین کے بموجب سمندری طوفان کا متبادل ہے اور اس سے اس علاقہ کی خشک سالی ختم ہونے کا امکان ہے۔