سینٹ پال منی سوٹا۔ 7 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ایک ایسے وقت جب بشمول چند عرب و دیگر مسلم ممالک، کئی ملکوں میں اسلامی حجاب کے استعمال پر اعتراضات کئے جارہے ہیں۔ امریکی ریاست منی سوٹا کے شہر سینٹ پال کی پولیس فورسس میں ایک صومالی نژاد مسلم خاتون کو اسلامی حجاب میں رہتے ہوئے پولیس ڈیوٹی انجام دینے کا موقع فراہم ہوگیا ہے۔
صومالیہ کی خضریٰ محمد نے امریکی پولیس فورسیس میں شمولیت اور وہ بھی اسلامی حجاب میں رہتے ہوئے فرائض کی انجام دہی کے سبب شہ سرخیوں میں اپنے نام کیلئے جگہ بنائی ہے۔ خضریٰ محمد اتوار کو سینٹ پال پولیس میں شامل ہوئی ہیں، جس کے ساتھ ہی وہ اس شہر کی پولیس فورسیس شامل ہونے والی پہلی مسلم خاتون بھی بن گئی ہیں۔ خضریٰ نے کہا کہ محنت اور سچی لگن نے انہیں اس مقام پر پہنچایا ہے۔ سینٹ پال، امریکہ کے ان چند شہروں میں شامل ہے جہاں مسلم خواتین کو ملازمت کے دوران حجاب کے استعمال کی اجازت حاصل ہے۔ سینٹ پال پولس کے اس مثالی جذبہ کی مسلم تنظیموں نے ستائش کی ہے۔