امریکی ریاستوں کو طوفان ’’ارما‘‘ کا خطرہ

فلوریڈا، ورجن آئیلینڈ اور جزائر غرب الہند میں چوکسی
سان جوان ۔ 5 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) شمال مشرقی جزائر غرب الہند (کیربیئن) میں خطرناک آندھی ’’ارما‘‘ کے پہنچنے سے قبل حکام نے تمام طیاروں کی پروازوں کو منسوخ، اسکولوں اور دفاتر کو بند کردیا ہے اور پریشان حال افراد گھروں میں بیٹھنے کو ترجیح دے رہے ہیں۔ اس دوران سارے فلوریڈا، امریکی ورجن جزائر اور پیورٹوریکو میں ہنگامی حالات کا اعلان کردیا گیا ہے جبکہ کیربیئن کے مختلف جزیروں کے عوام آندھی سے بچنے کیلئے جاری تیاریوں کے لمحہ آخر میں ضروری اشیاء اور ایندھن کا ذخیرہ کررہے ہیں، جس کے نتیجہ میں سوپر مارکٹس اور گیس اسٹیشنوں پر صارفین کی طویل قطاریں دیکھی گئیں۔ امریکہ کے قومی مرکز برائے طوفان بادوباراں نے کہا ہیکہ آندھی ’’ارما‘‘ گذشتہ روز 220 کیلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہواؤں کے ساتھ آگے بڑھ رہی تھی اور سیو وارڈ جزائر کے قریب بھنور میں تبدیل ہوگئی ہے جو 20 کیلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے آگے بڑھ رہا ہے۔ حکام نے خبردار کیا ہیکہ اس آندھی کے اثر سے 27 سنٹی میٹر بارش ہوسکتی ہے جس سے مٹی کے تودے گر سکتے ہیں اور سیلاب کے علاوہ ساتھ میٹر بلند لہریں اٹھ سکتی ہیں۔ امریکی ورجن آئیلنڈ کے گورنر کینتھ میپ نے خبردار کیا کہ ’’یہ گھر سے باہر نکلنے اور خطرناک آندھی کے ساتھ کھیلنے کا وقت نہیں ہے‘‘۔ آندھی کے شمالی سمت فلوریڈا، جارجیا اور دونوں کی رولیناؤں کی طرف پیشرفت کی صورت میں امریکی مشرقی ساحل کے شہریوں کو چوکس رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔