امریکی دفاعی بجٹ میں 54 بلین ڈالرس اضافہ کی تجویز

واشنگٹن ۔27 فبروری ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) وائیٹ ہاؤس نے آج کہا ہے کہ صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے آئندہ بجٹ میں دفاعی مصارف میں 54 بلین ڈالرس کے اضافہ کی تجویز ہے ۔ اس کے علاوہ اندرون ملک مختلف پروگرامس اور غیرملکی امداد میں نمایاں کمی کی جائے گی ۔ اس کے نتیجہ میں ٹرمپ کے ابتدائی بجٹ میں کسی طرح کا بجٹ خسارہ ظاہر نہیں کیا جائے گا اور یہ تقریباً 500 بلین ڈالرس کا ہوگا ۔ وائیٹ ہاؤس بجٹ عہدیداروں نے میڈیا نمائندوں کے ساتھ ٹیلی فون پر ہوئی بات چیت میں اپنی شناخت مخفی رکھنے کی شرط پر یہ بات بتائی ۔ بجٹ عہدیداروں نے تمام تفصیلات کو ریکارڈ پر پیش کرنے کی درخواست نظرانداز کردی کیونکہ ٹرمپ نے میڈیا کے باوثوق ذرائع کے حوالے پر ایک دن قبل ہی تنقید کی تھی ۔ امریکی کانگریس کو آئندہ ماہ پیش کی جانیوالی تجاویز میں بجٹ مصارف میں اضافہ اور اندرون ملک مختلف اسکیمات پر بجٹ میں کمی کی تجویز پیش کی جاسکتی ہے ۔ پینٹگان کے لئے تقریباً 10 فیصد اضافہ کیا جائے گا جس کے لئے ٹرمپ کے انتخابی مہم میں فوج کو مستحکم بنانے کا وعدہ پورا ہوگا ۔ ایک سینئر عہدیدار نے کہاکہ غیرملکی امداد میں نمایاں کمی کی جاے گی ۔ اسی طرح اندرون ملک ایجنسیوں کو کٹوتی کا سامنا کرنا پڑے گا ۔ انھوں نے تفصیلات نہیں بتائی لیکن ٹرمپ انتظامیہ توقع ہے کہ ماحولیاتی تحفظ ایجنسی اور اسی نوعیت کے دیگر اداروں کو نشانہ بنائے گا ۔