امریکی خاتون نے تین سال میں 182 کلو وزن کم کیا

واشنگٹن ۔ 4 نومبر۔(سیاست ڈاٹ کام) آپ یقین کریں یا نہ کریں مگر تین سال پہلے 26 سالہ امریکی خاتون امبر راچڈی کا وزن 289 کلو گرام سے زائد تھا اور ان کی حالت بہت زیادہ خراب تھی بلکہ معذور کہنا زیادہ درست ہوگا۔2014 ء میں یہ خاتون امریکہ میں ایک رئیلٹی ٹی وی شو میں شریک ہوئیں جس میں ایسے افراد کو پیش کیا جاتا تھا جو کہ بہت زیادہ موٹاپے کا شکار ہوکر زندگی گزارتے ہیں، جس کے دوران انہیں روزمرہ میں کیا مشکلات پیش آتی ہیں اور کس جدوجہد کا سامنا ہوتا ہے اُسے پیش کیاجاتا تھا۔ امبرکا وزن اُس وقت 289 کلوگرام سے زیادہ تھا اور ان کیلئے عام چیزیں جیسے چند قدم چلنا بھی لگ بھگ ناممکن ہوچکا تھا، وہ گاڑی میں فٹ نہیں ہوتی تھیں اور خود نہانے سے بھی قاصر تھیں، آسان الفاظ میں زندگی بستر تک محدود ہوکر رہ گئی تھی۔شو کے دوران امبر نے کہا تھا کہ انہیں نہیں لگتا کہ اب وہ کبھی بہتر ہوسکیں گی مگر خود کو ٹی وی پر دیکھنے کے بعد انہوں نے موٹاپے سے جان چھڑانے کا فیصلہ کیا۔ اب تین سال بعد ان کی زندگی مکمل طور پر بدل چکی ہے اور اپنے وزن کو وہ 182 کلوگرام تک کم کرچکی ہیں، مگر انہوں نے ایسا کمال کیسے کر دکھایا؟تو اس کے لیے انہوں نے اپنی غذائی عادات اور جسمانی سرگرمیوں میں تبدیلیوں کو اپنایا اور اپنے جسمانی وزن کو اتنا کم کرلیا کہ موٹاپے میں کمی لانے والی سرجری کراسکیں۔ان کے بقول ایسی سرجری عارضی فائدے کیلئے اچھی ہے مگر یہ مستقل اثر نہیں رکھتی بلکہ موٹاپے کو خود سے دور رکھنے کیلئے ضروری ہے کہ انسان صحت بخش غذا اور جسمانی سرگرمیوں جیسی نئی عادات کو سیکھیں اور ان پر قائم رہے۔