واشنگٹن ۔ 03 ستمبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) امریکہ کی حکومت نے دوسرے امریکی صحافی کو قتل کرنے کی ویڈیو کے مستند ہونے کی بھی تصدیق کر دی ہے۔ قومی سلامتی کے ادارے کے ترجمان نے بتایا کہ خفیہ اداروں نے جائزہ لینے کے بعد توثیق کر دی ہے کہ اس ویڈیو میں امریکی صحافی اسٹیون سوٹلوف کا ہی سر قلم کیا گیا ہے۔ اسلامک اسٹیٹ کی جانب سے یہ ویڈیو منگل کے روز منظر عام پر آئی تھی۔ متعدد عالمی رہنماؤں نے اس قتل کی شدید مذمت کی ہے۔ سوٹلوف کو ایک سال قبل شام میں اغوا کیا گیا تھا۔ اگست کی 19 تاریخ کو آئی ایس کے شدت پسندوں نے امریکی فوٹوگرافر جیمز فولی کو بھی اسی انداز میں قتل کیا تھا۔