بیروت 31 جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) امریکی زیر قیادت فضائی حملوں میں آج صبح کی اولین ساعتوں میں دو برجس کو تباہ کردیا گیا جو دولت اسلامیہ گروپ کی جانب سے استعمال کئے جاتے تھے ۔ یہ برجس عراقی سرحد کے قریب شام کے حدود میں واقع تھے ۔ ایک حقوق انسانی گروپ نے یہ بات بتائی ۔ امریکی محکمہ دفاع پنٹگان نے بھی ان حملوں کی توثیق کی ہے اور ایک سینئرامریکی عہدیدار نے کہا کہ ان حملوں میں برجس کی تباہی کے نتیجہ میں دولت اسلامیہ کو پڑوسی عراق کے صوبہ عنبر میں اپنی کارروائیاں جاری رکھنے میں سخت مشکلات پیش آئیں گی ۔ یہ صوبہ بہت اہمیت کا بھی حامل ہے ۔ حقوق انسانی گروپ کی شامی یونٹ کے سربراہ رامی عبدالرحمن نے بتایا کہ اتحادی افواج کی جانب سے شامی شہر البو کمال اور عراقی سرحد کے درمیان دو برجس کو تباہ کردیا گیا ہے انہوں نے کہا کہ یہ دونوں ہی برجس البو کمال اور عراق کے مابین دولت اسلامیہ گروپ کی نقل و حرکت کیلئے بہت اہمیت کے حامل تھے ۔ دولت اسلامیہ گروپ نے البو کمال شہر پر اور پڑوسی سرحدی کراسنگ پر جولائی 2014 میں قبضہ کرلیا تھا ۔ انہوں نے اس علاقہ کو عراق میں اپنے کنٹرول والے علاقوں سے مربوط کرلیا تھا اور ان برجس کو آزادی سے استعمال کرتے ہوئے سرگرمیاں جاری رکھا کرتے تھے ۔ امریکہ کا ادعا ہے کہ برجس کی تباہی سے اس نقل و حرکت پر اثر پڑیگا ۔