نیویارک ، 26 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) امریکی جوڑا راتوں رات کروڑ پتی بن گیا، کیونکہ اُسے گھر کے باغ میں دبے دھاتی سکے ملے۔انھیں کرنسی ماہر کے پاس پہنچ کر پتہ چلا کہ ایک کروڑ امریکی ڈالر مالیت کا خزانہ ہاتھ آگیا ہے۔ ریاست کیلی فورنیا کے شمالی علاقے میں زمین میں دفن سونے کے سکوں کی تعداد 1400 ہے ،جن پر 1800ء کی تاریخیں درج ہیں۔ دھاتوں کے 8 ڈبوں میں موجود یہ سکے امریکی جوڑے کو گزشتہ سال اپریل میں ملے تھے، ان میں سے 20 ڈالر سونے کے سکے نئے تھے اور مٹی میں دبنے سے ان کو کم نقصان پہنچا تھا۔ سونے کے یہ قدیم اور نایاب سکے آئندہ ماہ اٹلانٹا میں امریکی سکے جمع کرنے والی ایک ایسوسی ایشن کی نمائش میں رکھے جائیں گے۔
یوکرین کو منقسم ہونے کا خطرہ ، عبوری صدر کا دعویٰ
کیئف ۔ 26 فبروری ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) عبوری صدر اولیگزانڈرترشینوف نے خبردار کیا ہے کہ یوکرینمنقسم ہونے کے خطرات سے دوچار ہے۔ منگل کو پارلیمان سے خطاب کرتے ہوئے صدر کا کہنا تھا کہ اگر کیئف میں مغرب نواز حکومت قائم کی جاتی ہے تو ملک کے مشرقی علاقوں میں صورتحال مزید خراب ہو سکتی ہے۔ مشرقی علاقوں میں روسی زبان بولی جاتی ہے اور کہا جاتا ہے کہ وہاں کے لوگ روس کے ساتھ قریبی تعلقات استوار کرنے کے خواہاں ہیں۔ اسی تناظر میں ملک کی نئی اتحادی حکومت کے قیام کے عمل میں بھی تاخیر کر دی گئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ تمام سیاسی فریقین سے مکمل مشاورت کے بعد متوقع طور پر جمعرات کو نئے نگرانکار وزیر اعظم کا اعلان کیا جائے گا۔