امریکی جاسوسی کے الزامات سنجیدہ مسئلہ

چانسلر جرمنی انجیلا میرکل کی وزیر اعظم چین سے ملاقات کے بعد پریس کانفرنس
بیجنگ۔ 7 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) جرمنی کی چانسلر انجیلا میرکل نے کہا ہے کہ ایک جرمن شہری پر بطور ڈبل ایجنٹ امریکی انٹلیجنس ایجنسی کیلئے کام کرنے کے الزامات اگر درست ثابت ہوتے ہیں یہ شراکت دار ممالک کے درمیان تعاون کے حوالے سے ایک کھْلا تضاد ہے۔ دورہ ٔچین پر پہنچی میرکل نے یہ بات بیجنگ میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کہی ہے۔ امریکی اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ اور وائٹ ہاؤز کی طرف سے ابھی تک جرمن خفیہ ایجنسی BND کے ایک گرفتار ایجنٹ کے بارے میں کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا۔ اس 31 سالہ شخص کو امریکی خفیہ ایجنسی کے لیے بطور ڈبل ایجنٹ کام کرنے کیالزام کے تحت گرفتار کیا گیا تھا۔ جرمن چانسلر انجیلا میرکل تین روزہ دورے پر چین میں ہیں۔ تجارتی تعلقات میں فروغ میرکل کے اس دورے کے اہم مقاصد میں سے ایک ہے۔ ان کے ساتھ جرمن تاجروں کا ایک اعلیٰ سطحی وفد بھی ہے۔ 2005ء کے بعد سے یہ ان کا ساتواں دورہ چین ہے۔ میرکل گزشتہ روز علی الصبح چین کے جنوب مغربی شہر چینگ ڈو پہنچیں۔ میرکل نے وہاں مقامی حکام سے ملاقات کی اور جرمن کار ساز ادارے ’فوکس واگن‘ کے زیر انتظام ایک فیکٹری کا دورہ بھی کیا۔ چینگ ڈو میں اپنی مصروفیات کے بعد میرکل چینی دارالحکومت بیجنگ روانہ ہو گئیں جہاں انہوں نے چینی وزیر اعظم لی کیقیانگ سے ملاقات کی۔ بعد ازاں ان کے اعزاز میں ایک عشائیے کا بھی اہتمام کیا گیا۔ جرمنی کے دونوں حصوں کے اتحاد کے بعد کسی چانسلر جرمنی کا یہ اولین دورۂ چین ہے۔