حیدرآباد۔20اپریل ( پی ٹی آئی) یو ایس ۔ انڈیا بزنس کونسل ( یو ایس آئی بی سی ) نے تلنگانہ میں مختلف شعبوں بالخصوص فارمیسی‘ ہیلت کیر ‘ انفارمیشن ٹکنالوجی ( آئی ٹی) اور انفرااسٹرکچر میں سرمایہ کاری سے دلچسپی کا اظہار کیا ہے ۔ اس کونسل کے ایک وفد نے آج ریاستی وزیر آئی ٹی کے ٹی راما راؤ سے ملاقات کی ۔ یو ایس آئی بی سی کے وفد کی قیادت اس کے ایکزیکٹیو نائب صدر ڈائیان فیرل نے کی ۔ اس وفد نے مختلف شعبوں کی ترقی کیلئے حکومت کی طرف سے گذشتہ 10ماہ کے دوران کئے گئے اقدامات کی ستائش کی ۔ راما راؤ نے تلنگانہ میں سرمایہ کاری کی سہولتوں اور 15دن کی مقررہ مہلت میں تمام اُمور کے کلیئرنس سے متعلق خصوصی پالیسی کا تذکرہ کیا ۔ کے تارک راما راؤ نے امریکی وفد سے کہا کہ حکومت تلنگانہ بیرونی سرمایہ کاروں کیلئے پُرکشش ماحول پیدا کی ہے اور حکومت کو بالخصوص شہر حیدرآباد کو ایک عالمی آئی ٹی مرکز کی حیثیت سے فروغ دینے سے دلچسپی ہے ۔