نیویارک ۔ /7 ستمبر(سیاست ڈاٹ کام) امریکی شہر سنسناٹی میں ایک بینک کی عمارت کے اندر بندوق بر دار کی اندھادھند فائرنگ میں ایک ہندوستانی سمیت تین افراد ہلاک ہوئے ۔ 25 سالہ ہندوستانی شہری فینانشیل کنسلٹنٹ کا کام کرتا تھا ۔ پولیس نے فائرنگ کرنے والے شخص کو گولی مارکر ہلاک کردیا ۔ امریکہ میں ہونے والے حالیہ فائرنگ کے واقعات میں یہ تازہ واقعہ ہے ۔ آندھراپردیش کے ضلع گنٹور سے تعلق رکھنے والے پرتھوی راج کنڈپی اس وقت ہلاک ہوگیا جب نارتھ بینڈ اوہائیو سے تعلق رکھنے والے 29 سالہ عمر انریق سانٹا پریز نے اندھادھند فائرنگ کردی ۔ فونٹین اسکوائر کے قریب واقع بینک کے ہیڈکوارٹر پر یہ فائرنگ ہوئی ۔ نیویارک میں واقع ہندوستانی قونصل جنرل سندیپ چکرور تی نے کہا کہ قونصل خانہ کی جانب سے پولیس سے ربط پیدا کیا گیا ہے اس کے علاوہ پرتھوی راج کے ارکان خاندان سے بھی رابطہ قائم کیا جارہا ہے ۔ تلگواسوسی ایشن ؓآف نارتھ امریکہ کے عہدیدار نے کہا کہ آندھرا کا یہ نوجوان بینک میں کام کرتا تھا ۔ اس کی نعش ہندوستان بھیجنے کے انتظامات کئے جارہے ہیں ۔ ہیملٹن کاؤنٹی پورونر لکشمی سیمرون نے کہا کہ جب انہیں مہلوکین کے ناموں کا پتہ چلا تو یاد آیا کہ انہوں نے پرتھوی راج سے اس شہر میں واقع مندر میں ملاقات کی تھی ۔ دو دیگر مہلوکین کی شناخت 48 سالہ لوئیس فلپ اور 64 سالہ رچرڈ کی حیثیت سے کی گئی ہے ۔ اس واقعہ میں دیگر پانچ افر اد زخمی بتائے گئے ہیں ۔ پولیس عہدیداروں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں بندوق بردار ہلاک ہوگیا ۔