لاس اینجلس۔ 2؍مارچ (سیاست ڈاٹ کام)۔ امریکی بحریہ کا جنگجو طیارہ ہارنیٹ جیٹ تربیت کے دوران مغربی ریاست میواڈا میں حادثہ کا شکار ہوگیا۔ بحریہ کے ایک بیان کے بموجب فوری طور پر پائلٹ کے حشر کا علم نہیں ہوسکا۔ لڑاکا طیارہ بحریہ کی تربیتی مشق پر تھا اور فالون کے فضائی اور بحری جنگوں کی تربیتی مشق میں شامل تھا۔ مغربی علاقہ میواڈا میں یہ حادثہ تقریباً 3 بجے شام تربیتی علاقہ میں جو بحریہ کے فضائی اڈہ فالون کے مشرق میں 112 کیلو میٹر کے فاصلہ پر واقع ہے، پیش آیا۔ بحریہ نے سرکاری طور پر طیارے کے ارکان عملہ کے موقف کی توثیق نہیں کی۔ یہ طیارہ حادثہ سے پہلے تربیتی پرواز پر تھا۔ بحریہ کے ایک بیان کے بموجب تحقیقات کے بعد ہی حادثہ کی وجہ کا تعین کیا جاسکے گا۔ بوئنگ کمپنی کے تیار کئے ہوئے ہارنیٹ طیارے حملہ آور طیاروں کے طور پر اور لڑاکا طیاروں کے طور پر 1990ء کی دہائی سے امریکی فوج اور بحریہ میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔