امریکی ایمبیسی کو تجارتی سرگرمیاں روکنے کی ہدایت

دیویانی کی گرفتاری پر حکومت ہند کا ایک اور جوابی اقدام
نئی دہلی ۔ 8 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) سفارتکار دیویانی کھوبرگاڑے کی گرفتاری پر مزید جوابی اقدامات میں ہندوستان نے امریکہ سے کہا ہیکہ ان کاروباری سرگرمیوں کو 16 جنوری تک ’’منقطع‘‘ کردیا جائے جو یہاں اس کی ایمبیسی کے احاطہ میں چلائی جارہی ہیں۔ ہندوستان کی یہ کارروائی نیویارک میں نائب قونصل جنرل دیویانی کے خلاف ویزا دھوکہ دہی کے الزامات پر فردجرم کیلئے 13 جنوری کی قطعی مہلت سے قبل سامنے آئی ہے۔ سخت موقف اختیار کرتے ہوئے حکومت نے سفارتخانہ سے کہا ہیکہ امریکن کمیونٹی سپورٹ اسوسی ایشن (اے سی ایس اے) کے بیانر تلے جاری تجارتی نوعیت کی سرگرمیوں کو روک دیا جائے، جن میں ریسٹورنٹ ؍ بار، ویڈیو کلب، باؤلنگ ایلے، سویمنگ پول، اسپورٹس فیلڈ، بیوٹی پارلر اور جِم شامل ہیں۔ حکومتی ذرائع نے یہاں کہا کہ امریکہ سے وہ ٹیکس ریٹرنس فراہم کرنے کیلئے بھی کہا گیا ہے جو اس کی جانب سے ہندوستانی حکام کو تجارتی سرگرمیوں کے ضمن میں پیش کئے گئے ہیں، جو اے سی ایس اے کے ذریعہ غیرسفارتی اشخاص بشمول عام امریکی شہریوں اور ان کی فیملیوں کو فراہم کی گئی ہیں۔ اے سی ایس اے کو سابق میں ڈیوٹی فری ایٹمس حاصل ہوا کرتے تھے۔