امریکی ایمبیسی پر دہشت گردانہ حملہ ناکام بنا دیا: اسرائیل

تل ابیب ، 23 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) اسرائیل نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے القاعدہ کے ایسے منصوبے کو ناکام بنا دیا ہے، جس کے تحت تل ابیب میں امریکی سفارتخانے اور دیگر مقامات کو نشانہ بنایا جانا تھا۔ اسرائیلی حکام کے مطابق تین ایسے فلسطینیوں کو گرفتار کیا گیا ہے، جو دہشت گرد تنظیم القاعدہ کے سربراہ ایمن الظواہری سے براہ راست ہدایات وصول کر رہے تھے اور ان کا مقصد بم دھماکے ، فائرنگ اور شہریوں کو اغوا کرنا تھا۔ چہارشنبہ کو اسرائیلی خفیہ ایجنسی شِن بیٹ کے مطابق حراست میں لئے گئے ان ملزمان میں سے ایک کا تعلق مغربی کنارے سے ہے، جبکہ دیگر دو یروشلم کے رہائشی ہیں۔ اس ایجنسی کے مطابق ان افراد کا منصوبہ تھا کہ یہ تل ابیب میں امریکی سفارت خانے پر دہشت گردانہ حملہ کریں۔ اس کے ساتھ ساتھ یہ یروشلم کانفرنس سنٹر پر حملے کی منصوبہ بندی بھی کر رہے تھے۔

راکیش کھرانہ ہارورڈ کالج کے ڈین
نیویارک ، 23 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی ۔ امریکی پروفیسر راکیش کھرانہ کو باوقار ہارورڈ کالج کا ڈین مقرر کیا گیا ہے ، اور وہ ہندوستانی نژاد ماہرین تعلیم کی ایسی طویل فہرست میں تازہ اضافہ ہوگئے ہیں جنھیں مشہور عالمی یونیورسٹیوں میں قائدین رول تفویض کئے گئے ہیں۔ 46 سالہ کھرانہ موجودہ طورپر ہارورڈ بزنس اسکول میں لیڈر شپ ڈیولپمنٹ سے وابستہ پروفیسر ہیں۔ وہ فیکلٹی آف آرٹس اینڈ سائینسس میں سوشیالوجی کے پروفیسر اور ہارورڈ میں کیبٹ ہاؤس کے شریک ماسٹر بھی ہیں۔