واشنگٹن، 5اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ کے نائب صدر مائک پنس نے چین پر الزام لگایا ہے کہ چین آئندہ امریکی انتخابات کو متاثرکرنے کی کوشش کررہا ہے ۔مسٹر پنس نے جمعرات کو واشنگٹن میں واقع ہڈسن انسٹی ٹیوٹ کے تھنک ٹینک پروگرام میں چین کو جم کر آڑے ہاتھوں لیا۔ برطانوی اخبار دی گارجین کے مطابق مسٹر پنس نے کہاکہ چین نے 2018میں ہونے والے امریکی انتخابات میں عوامی رائے کو متاثر کرنے کی کوشش شروع کردی ہے ۔ یہ سلسلہ 2020میں ہونے والے امریکی صدارتی انتخابات تک جاری رہے گا۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ چین اپنے اخبارات اور ریڈیو پر نشرہونے والے شو کے ذریعہ پورے امریکہ میں چین کی پالیسیوں کے حق میں کھل عام یہ پروپگنڈہ کررہا ہے ۔ انہوں نے حالانکہ چین کے ذریعہ امریکی انتخابی نظام کو راست طورپر متاثر کرنے کے ثبوتوں کا حوالہ نہیں دیا۔امریکی نائب صدر نے اپنے خطاب میں بحیرہ چین سمندر میں سرگرمیاں بڑھانے ، امریکی دانشوارانہ اثاثہ چرانے اور دوسرے ممالک کو تائیوان کی خودمختاری کو قبول نہ کرنے کے لئے اکسانے پر چین کی تنقید کی۔