لندن ۔ 5 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) صدر افغانستان اشرف غنی نے آج جو بیان دیا ہے وہ اس جانب اشارہ کرتا ہیکہ افغانستان میں امریکی افواج کی موجودگی کی مدت میں توسیع کی جاسکتی ہے۔ صدر اشرف غنی نے کہا کہ امریکہ نے اندرون دو سال اپنے آخری فوجی کو بھی افغانستان سے ہٹا لینے کی جو مدت مقرر کی ہے، اس پر نظرثانی کرنے کی ضرورت ہے۔ بی بی سی نے بھی اشرف غنی کے حوالے سے کہا کہ مقررہ مدت کوئی پتھر کی لکھیر نہیں ہے۔ یاد رہے کہ قبل ازیں صدر اوباما نے اعلان کیا تھا کہ 2016ء کے اختتام تک افغانستان سے امریکہ کا آخری فوجی بھی واپس طلب کرلیا جائے گا کیونکہ اس وقت افغانستان کی سیکوریٹی خود افغان فوج کے حوالے کردی جائے گی۔ یہاں اس بات کا تذکرہ بھی ضروری ہیکہ گذشتہ ماہ اتحادی فوج کے امن بردار مشن کے اختتام کے بعد تقریباً 13000 امریکی فوجی اب بھی افغانستان میں تربیت اور تعاون فراہم کرنے کیلئے موجود ہیں۔