واشنگٹن۔ 10 مئی ۔ ( سیاست ڈاٹ کام)دو امریکی افسر دو مسلح یمنی باشندوں کو گولی مار کر ہلاک کرنے کے بعد بحفاظت امریکہ پہنچ گئے ۔امریکی دفتر خارجہ کے حکام کے مطابق ان دونوں مقتول یمنیوں نے امریکیوں کو پچھلے ماہ دارالحکومت میں اغوا کرنے کی کوشش کی تھی۔ حکام کا کہنا ہے کہ ’’ دونوں امریکی افسروں کو اس واقعے کے فوری بعد امریکہ منتقل کر دیا‘‘۔دفتر خارجہ کی نائب ترجمان میری حارف نے کہا ’’ ہم اس امر کی تصدیق کر سکتے ہیں کہ پچھلے ماہ دو امریکی افسروں نے اس وقت گولی چلا دی تھی
جب ان کے ساتھ دو مسلح یمنی باشندوں نے انہیں اغوا کرنے کی کوشش کی تھی، دونوں مسلح افراد کو موقع پر ہی ہلاک کر دیا گیا اور اس کے بعد امریکی افسروں کو امریکہ منتقل کر دیا گیا‘‘۔واضح رہے یہ واقعہ اس تازہ کشیدگی کے بعد پیش آیا جو یمنی فوج نے القاعدہ کے خلاف ایک بڑا آپریشن شروع کرنے کے بعد مزید بڑھ گئی ہے۔ اس سے پہلے القاعدہ کے مبینہ عسکریت پسندوں نے یمنی صدر کے محل پر ماہ اپریل کے آخری دنوں میں ہی حملہ کیا تھا۔ اس حملے کے دوران پانچ حفاظتی گارڈ مارے گئے تھے۔یمنی سکیورٹی حکام کے مطابق جب مسلح دہشت گردوں نے ایوان صدر کی عمارت کے قریب ایک چیک پوائنٹ پر حملہ کیا تو صدر عبدالربہ منصور ہادی محل میں موجود نہ تھے۔