نیویارک۔29 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ایک 37 سالہ شخص کو ٹموتھی والٹر شمٹ جو نشہ کی حالت میں تھا، عصمت ریزی کی کوشش اور گردوارے میں ایک خاتون پر حملے کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا۔ یہ واقعہ امریکی ریاست اوریگام کے قصبے گریشم میں اتوار کی رات پیش آیا۔ ٹموتھی نے گردوارے کے ریسٹ روم کو استعمال کرنے کی خواہش کی تھی جس کے بعد اسے گردوارے میں داخل ہونے کی اجازت دی گئی۔ باہر آتے وقت اس نے گردوارے میں 26 سالہ خاتون کو دیکھا اور اس کی عصمت ریزی کی کوشش کرتے ہوئے اس پر حملہ کردیا۔ شمٹ کو ملٹنوما کونٹی کی جیل میں حملہ کرنے، دھمکیاں دینے، عصمت ریزی کی کوشش، جنسی استحصال اور غیرقانونی طور پر ہتھیار کے استعمال کے الزام میں قید کردیا گیا۔
دو ہندوستانی امریکیوں کو کریڈٹ کارڈ دھوکہ دہی میں سزا
واشنگٹن۔29 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) دو ہندوستانی نژاد امریکی شہریوں کو امریکہ کی ایک عدالت نے 20 کروڑ امریکی ڈالر انٹرنیشنل کریڈٹ کارڈ کے ذریعہ حاصل کرکے دھوکہ دہی میں ملوث ہونے پر سزائے قید سنائی۔ وجئے ورما اور ترسیم لال دونوں کو 14مہینے کی سزائے قید اور ایک سال کی گھر پر نظربندی کی سزا سنائی گئی۔ انہوں نے اپنے جرم کا اعتراف کرلیا تھا۔ امریکہ کے اٹارنی برائے نیو جرسی نے حکومت کی جانب سے مقدمہ کی پیروی کی تھی۔ ضلع جج این ای ٹامسن نے سزائے قید سنائی۔ ورما اور لال دونوں نے اکٹوبر 2015ء میں شہر کے ایک جیولری اسٹور سے جھوٹی شناخت بتاتے ہوئے 7 ہزار کی خریداری کی تھی اور جعلی کریڈٹ کارڈ پیش کیئے تھے۔ ان کی غلط شناخت اور ہزاروں ڈالر کی دھوکہ دہی کا جرم ثابت ہونے کے بعد انہیں سزائے قید سنائی گئی۔