امریکہ کے کنساس کی رسٹورنٹ میں فائرنگ کے واقعہ میں تلنگانہ کا نوجوان ہلاک

حیدرآباد،8؍جولائی(یو این آئی )امریکہ کی کنساس پولیس نے رسٹورنٹ میں چوری کی کوشش کے دوران فائرنگ کرنے والے ملزم کی ویڈیو جاری کی ہے ۔اس فائرنگ کے واقعہ میں تلنگانہ کا ایک طالب علم ہلاک ہوگیا تھا جس کی شناخت ورنگل کے کتہ واڑہ واسوی کالونی کے شرت کوپپو کی حیثیت سے ہوئی ہے جو میسوری سٹی کے ایک یونیورسٹی میں انجینئرنگ کا طالب علم تھا ۔وہ کنساس کی رسٹورنٹ میں جزوقتی ملازم کے طور پربھی کام کرتا تھا۔جمعہ کی رات شرت اپنے دوستوں کے ساتھ ریسٹورنٹ میں کھانے میں مصروف تھا کہ یہ واقعہ پیش آیا جس کے نتیجہ میں شرت شدید زخمی ہوگیا۔شرت پر پانچ گولیاں چلائی گئیں۔پولیس نے اسے اسپتال منتقل کیا جہاں اس کی موت ہوگئی۔کنساس پولیس نے ملزم کی اطلاع دینے والے کے لئے دس ہزار ڈالرز انعام کا اعلان بھی کیا ہے ۔بتایا گیا ہے کہ شرت کے والد حیدرآباد میں بی ایس این ایل کے ملازم ہیں۔شرت کے والدین پر اس واقعہ کی اطلاع پر غم کا پہاڑ ٹوٹ پڑا۔